کونسا ادارہ سپریم، جواب آئین میں درج ہے، الیکشن کا مسئلہ مذاکرات سے حل ہوگا، نوید قمر

Published On 03 May,2023 07:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و وفاقی وزیر سید نوید قمر نے کہا ہے کہ کل سے بحث چل رہی ہے کہ کونسا ادارہ سپریم ہے، ان تمام سوالوں کے جواب آئین میں درج ہیں۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آئین بنانا پارلیمان کا کام ہے، ہر ادارے کو اپنا اپنا رول ادا کرنا ہو گا، موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے پیپلز پارٹی نے ڈائیلاگ کا عمل شروع کیا، سوائے ایک جماعت کے سب لوگ مذاکرات کا حصہ بنے۔

یہ بھی پڑھیں: حافظ نعیم الرحمن نیا الطاف بننے کی کوشش کررہا ہے : سعید غنی

نوید قمر کا کہنا تھا کہ سیاست دان بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکالتے ہیں، ایک صوبے میں الیکشن سے باقی صوبوں پر اثر پڑے گا، ہم نے کہا جن اسمبلیوں کی مدت پوری نہیں ہوئی انہیں مدت پوری کرنی چاہیے، مذاکرات کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک بجٹ کے بغیر نہیں چل سکتا، مذاکرات بہت مثبت ہوئے، الیکشن کا معاملہ مذاکرات سے ہی حل ہوسکتا ہے، ہم چاہتے ہیں انتخابات کے معاملہ پر مذاکرات کامیاب ہوں، پی ٹی آئی سے مذاکرات میں کافی امور پر پیشرفت ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا

دریں اثنا قومی اسمبلی اجلاس میں ایوان نے تجارتی نشانات آرڈیننس 2001 میں ترمیم کا بل منظور کر لیا، بل سید نوید قمر نے پیش کیا، ایوان نے تجارتی نشانات ترمیمی بل2023 کی شق وار منظوری دی۔

Advertisement