لاہور: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر ملک میں کوئی غیر آئینی کام ہوا تو یہ 13 جماعتیں ذمہ دار ہوں گی، 13 جماعتیں الیکشن سے بھاگ رہی ہیں۔
زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک ماہ پہلے کہا تھا یہ مذاکرات نہیں، مذاق رات ہوں گے، پہلے انہوں نے وزیر آباد میں عمران خان پر حملے کی کوشش کی، اب ان کی پھر یہی کوشش ہے، یہ الیکشن نہیں کرائیں گے، قوم کو چیف جسٹس کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کہتا ہے تین ججز کو نہیں مانتا، مولانا فضل الرحمان کہتا ہے یہ ہندو کا ہتھوڑا ہے، عدلیہ، آئین و قانون جیتے گا، الیکشن کیلئے سپریم کورٹ نے چودہ مئی کی تاریخ دی ہوئی ہے، پہلے انہوں نے عمران خان پر حملہ کیا اب اسے گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف کی پارٹی کو جنرل (ر) ضیا الحق، جسٹس قیوم چاہیے، ان کا ووٹ تندور میں جائے گا، 13 جماعتیں عمران خان کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں، یہ چاہتے ہیں عمران خان شہید ہو جائے یا پکڑا جائے، عمران خان کے پاس کال دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔