سابق وزیر اعظم عمران خان کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

Published On 03 May,2023 09:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کل صبح 8:00 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کیلئے اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے روانہ ہوں گے، گزشتہ لاہور ہائیکورٹ میں دھکا لگنے کی وجہ سے عمران خان کی فریکچرڈ ٹانگ شدید متاثر ہوئی، شدید تکلیف کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا جس کی وجہ سے وہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش نہ ہو سکے۔

‏ہائی کورٹ نے آج فیصلہ دیا کہ حاضری ضروری ہے جس کے بعد عدالت کے احترام اور قانون کی سربلندی کیلئے شدید تکلیف کے باوجود سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔

عمران خان کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز نے کل پیشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، کل وہ عدالت کے احترام میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، وہ آئین اور عدالتوں کو مقدم سمجھتے ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا ہے کہ ڈاکٹروں کے مشورے کے باوجود عمران خان عدالت میں پیش ہوں گے، لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران دھکم پیل سے عمران خان کا پاؤں زخمی ہوا، ان کے پاؤں میں شدید سوزش اور تکلیف ہے۔
 

Advertisement