گوا: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی چین سمیت مختلف ممالک کے وزراء خارجہ سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
چین کے وزیر خارجہ چن گانگ سے ملاقات
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور چین کے وزیر خارجہ چن گانگ کے درمیان گوا میں ہونے والی ملاقات میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی اور اقتصادی تعاون، علاقائی رابطہ بڑھانے پر زور دیا گیا۔
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) May 5, 2023
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ سے مل کر بے حد خوشی ہوئی، پاکستان اور چین بھائی، بھائی ہیں، دونوں ممالک علاقائی امن اور عوام کی خوشحالی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
کرغزستان کے وزیر خارجہ زین بیک کلوبایف سے ملاقات
وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے کرغزستان کے وزیر خارجہ زین بیک کلوبایف کی ملاقات ہوئی، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون پر بات چیت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے وزرائے خارجہ نے اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطہ بڑھانے پر زور دیا۔
قازقستان کے وزیر خارجہ مرات نورٹلو سے ملاقات
شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے قازقستان کے وزیر خارجہ مرات نورٹلو کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون پر بات چیت کی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطہ بڑھانے پر زور دیا۔