لاہور : ( دنیا نیوز ) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور پولیس کے سابق انسپکٹر عابد باکسر کا نام ٹارگٹ کلر لسٹ میں ڈالنے کے خلاف درخواست منظور کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے درخواست پر سماعت کی اور ہدایت کی کہ عابد باکسر کے خلاف اگر کوئی مقدمہ نہیں تو انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔
سماعت کے دوران عابد باکسر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ میرے خلاف 2009 سے کوئی مقدمہ یا زبانی درخواست نہیں، لاہور کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں بری کیا جا چکا ہوں۔
عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کیا عابد باکسر کے خلاف کوئی مقدمہ عدالت میں زیر التوا ہے جس پر ایس پی لیگل نے سابق انسپکٹر کے خلاف ریکارڈ عدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ انکے خلاف کوئی مقدمہ نہیں اور کوئی شکایت بھی درج نہیں ہے۔
ایس پی لیگل نے عدالت کو مزید بتایا کہ عابد باکسر پولیس کو کسی مقدمہ میں مطلوب بھی نہیں ہیں۔
عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد عابد باکسر کی درخواست کو منظور کرلیا۔