لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بیان حلفی پر وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس سلطان تنویر نے شہری اظہر عباس کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار کو دستاویزات لف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی دستاویزات لف کریں جس سے آپ اپنا کیس ثابت کر سکیں۔
درخواست کے متن کے مطابق شہباز شریف نے بیان حلفی دیا کہ نواز شریف علاج کروا کر وطن واپس آ جائیں گے، شہباز شریف نے جھوٹا بیان حلفی دیا، شہباز شریف نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔