اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
وزیراعظم کی جانب سے انوار الحق کو آئینی اور جمہوری عمل کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی، وزیر اعظم پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
— PMLN (@pmln_org) May 2, 2023
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا، 5 اگست 2019 بھارت کا غیر قانونی اقدام انسانی حقوق پر کاری ضرب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہے گی، ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
— PMLN (@pmln_org) May 2, 2023
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔