پی اے سی آج سے جسٹس مظاہر کی آمدن، اثاثوں کی جانچ پڑتال شروع کریگی

Published On 08 May,2023 11:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی آج سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی آمدن اور اثاثوں کی جانچ پڑتال شروع کرے گی۔

جسٹس مظاہر نقوی کی آمدن اور اثاثوں کی جانچ پڑتال کامعاملہ قومی اسمبلی نے پی اے سی کے سپرد کیا تھا، کمیٹی چیئرمین نورعالم خان نے تمام اراکین کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کردی اور کہا اراکین براہ راست شریک ہوں یا پھر ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنائیں۔

خیال رہے کہ 29 اپریل کو سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین کے توسط سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے خلاف ریفرنس بھی سپریم جوڈیشل کونسل میں دائرکیا گیا ہے۔

بار کا مؤقف ہے کہ جسٹس مظاہر اکبرنقوی کا رویہ ججز کے عہدے کے حلف کیخلاف ہے، ان کی وجہ سے سپریم کورٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

جسٹس مظاہرنقوی کیخلاف جسٹس آصف کھوسہ نےانکوائری شروع کرائی تھی، جسٹس مظاہر کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے فیصلے کیخلاف انکوائری شروع کرائی تھی، بار کا مؤقف ہے کہ وہ انکوائری نامعلوم وجوہات کی بنا پر روک دی گئی تھی، اسے دوبارہ شروع کیا جائے، الزامات ثابت ہو جانے کی صورت میں جسٹس مظاہراکبر نقوی کو برطرف کیا جائے۔

Advertisement