اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کر دیے۔
سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے مطابق درخواست کے ساتھ لگایا گیا وکالت نامہ دستخط شدہ نہیں، عمران خان ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر سکتے تھے، عمران خان نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: القادر ٹرسٹ کیس، نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کر لیا
عمران خان کی درخواست میں دستاویزات بھی مکمل نہیں ہیں، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست اعتراضات عائد کر کے واپس کر دی۔
تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے عمران خان کی گرفتاری کو قانون کے مطابق قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، فوری رہا کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کی عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا تھا جبکہ آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔