عمران کی گرفتاری، پی ٹی آئی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

Published On 10 May,2023 09:48 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دینے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنےکا اعلان کیا ہے۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کاکہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے سینئر لیڈر شپ کے ساتھ تبادلہ خیال ہوا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آج سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت کا اہم ہنگامی اجلاس وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی صدارت میں ہوا ،  اجلاس میں مرکزی قائدین اور ہنگامی کمیٹی کے اراکین شریک ہوئے، اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کو قانون کے مطابق قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی  کاکہنا ہے کہ آج سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کریں گے اور نیب کورٹ میں سینیئرلیڈر شپ عمران خان سے ملاقات کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں :القادر ٹرسٹ کیس: نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کر لیا

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری پر ملک بھر میں احتجاج فطری عمل تھا اور ہے، جس انداز میں سابق وزیراعظم، پارٹی چیئرمین کو گرفتار کیا گیا اس کا ردعمل فطری تھا، عمران خان کی گرفتاری بلا جواز تھی۔

انہوں نے کہا کہ کارکن اپنا احتجا ج کر رہے ہیں اور احتجاج جاری رکھیں البتہ کارکن قانون ہاتھ میں نہ لیں، پر امن احتجاج آپ کا قانونی و آئینی حق ہے۔

تحریک انصاف نے عمران خان کی رہائی تک ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا ۔

عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا جبکہ عدالت نے احاطہ عدالت میں توڑ پھوڑ اور وکلا پر تشدد کی ایف آئی آر درج کرانے اور رجسٹرار ہائیکورٹ کو معاملے کی انکوائری کر کے 16 مئی تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیے۔

احتجاجی مظاہرے 

سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ، شدید ردعمل کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پرپی ٹی اے نے ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی جبکہ شہریوں  کو فیس بک، یو ٹیوب ، ٹوئٹر اور انسٹاگرام تک رسائی انتہائی محدود ہے۔

عمران خان کی آج پیشی 

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج اسلام آباد پولیس لائن ہیڈ کوارٹر ایچ الیون میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کو آج جوڈیشل کمپلیکس کی بجائے اسلام آباد پولیس لائن ہیڈ کوارٹر ایچ الیون میں پیش کیا جائے گا اور عدالت پولیس لائن گیسٹ ہاؤس میں لگے گی۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان کو آج اسلام آباد پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں پیش کیا جائے گا

عمران خان پر توشہ خانہ کیس میں آج فرد جرم عائد کی جائے گی اور انہیں احتساب عدالت کے جج کے سامنے بھی یہیں پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل عمران خان کو ایف 8، کورٹ کمپلیکس اسلام آباد اور جوڈیشل کمپلیکس جی 11 فور اسلام آباد میں پیش کیا جانا تھا۔

 

Advertisement