اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، فواد چودھری اور اسد عمر کے بعد وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس نے بدھ کی دوپہر بھی شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ گرفتار نہ ہوسکے تھے۔
تاہم اب پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا، اسلام آباد اور پنجاب میں حالیہ جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے مقدمات میں بھی پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نامزد ہیں۔
گرفتاری سے پہلے شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کوئی غلط کام نہیں کیا، کوئی اشتعال انگیز بیان نہیں دیا، ان پر کور کمانڈر لاہور واقعہ کا لگا الزام جھوٹ ہے۔
جمشید اقبال چیمہ
دوسری طرف آج علی الصبح پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
خواتین پی ٹی آئی رہنما
آج صبح پولیس نے خواتین پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ہونیوالی رہنماؤں میں مسرت جمشید چیمہ، ملیکہ بخاری، عالیہ حمزہ اور فلک ناز چترالی شامل ہیں۔
فواد چودھری
واضح رہے کہ اس سے پہلے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو گزشتہ رات ساڑھے 11 بجے کے قریب سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا، فواد چودھری گرفتاری سے بچنے کیلئے تقریباً 12 گھنٹے سپریم کورٹ کی عمارت میں موجود رہے۔
اس دوران فواد کے بھائی فیصل چودھری نے چیف جسٹس سے ملاقات کی کوشش کی، فیصل چودھری چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے گھر بھی گئے مگر بات نہ بن سکی۔
اسد عمر
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما و سیکرٹری جنرل اسد عمر کو بھی گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
رہنما تحریک انصاف اسد عمر اور شاہ محمود قریشی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست لے کر آئے تھے جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
اسد عمر یہ درخواست لے کر چیف جسٹس کے کمرہ عدالت کی طرف گئے جہاں سے باہر نکلنے پر اسلام آباد پولیس کے اینٹی ٹیررسٹ سکواڈ پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کرکے روانہ ہوگئی۔
علی زیدی
کراچی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو بھی گزشتہ روز حراست میں لے لیا تھا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والے احتجاج کے دوران کراچی پولیس نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق علی زیدی کو کراچی کے علاقے کالا پل سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ پارٹی سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کی قیادت کر رہے تھے۔
کراچی پولیس نے مبینہ طور پر شاہراہ فیصل کے قریب مظاہرین کی جانب سے پولیس وین کو آگ لگانے کے بعد کارروائی کی۔
عمر سرفراز چیمہ
اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق رہنما تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ کو ان کی رہائشگاہ سے علی الصبح گرفتار کیا گیا، عمر سرفراز چیمہ پر بطور گورنر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ میں جعل سازی سے اپنی بہن کو حصہ دلوانے کا الزام ہے۔
اینٹی کرپشن کے مطابق عمر سرفراز چیمہ نے بطور گورنر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں اپنی بہن کا اندراج کروایا، اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق گورنر اور انکی ہمشیرہ کو 25 مارچ صبح 10 بجے طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔
قاسم سوری کی اہلیہ، بھائی گرفتار
پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی اہلیہ اور بھائی کو بھی گزشتہ روز عمران خان کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کے دوران حراست میں لیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کے قاسم خان سوری کے بھائی کو گرفتار کیا، قاسم سوری گھر پر موجود نہیں تھے، قاسم سوری کے گھر چھاپہ رات گئے مارا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں قاسم سوری کا کہنا تھا کہ پہلے میری اہلیہ کو پی ڈی ایم نے ڈی چوک پر پرامن احتجاج کرتے ہوئے گرفتار کیا اب میرے بھائی بلال خان سوری کو معصوم بچوں اور گھر کی عورتوں کے سامنے گرفتار کر کے متعلقہ تھانے کے بجائے نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے قاسم سوری کے بھائی سمیت شہر بھر سے 11 افراد کو گرفتار کیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں ناصر آغا ایڈووکیٹ، محمد شریف، سلطان فاروق شامل ہیں، حمیداللہ، طیب، سید اسراراللہ، مصطفیٰ، سید خلیل، مبشر اور قیام الدین بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں۔