بلوچستان میں مردم شماری 99 فیصد مکمل، آبادی 2 کروڑ 6 لاکھ سے متجاوز

Published On 12 May,2023 10:51 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا 99 فیصد کام مکمل کر لیا گیا اور اب تک صوبے کی آبادی 2 کروڑ 6 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ کوئٹہ کی آبادی 24 لاکھ 84 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

انٹرویو کے دوران کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی نے کہا کہ پشین، لسبیلہ اور کوئٹہ میں چند بلاکس میں مردم شماری کا کام جاری ہے، اس کے علاوہ اجتماعی مقامات جن میں ہاسٹل، تھانے، مدارس، جیلیں شامل ہیں وہاں بھی مردم شماری کی جارہی ہے جو 15 مئی تک مردم شماری کا کام مکمل کرلیں گے۔

کمشنر مردم شماری نے بتایا کہ بلوچستان کی آبادی میں 83 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے، صوبے میں اب تک 2 کروڑ 6 لاکھ نفوس کو گنا جاچکا ہے جب کہ کوئٹہ کی آبادی 24 لاکھ 84 ہزار سے زائد ہوگئی ہے، کوئٹہ کی آبادی میں 2017 کی مردم شماری کی نسبت 2 لاکھ نفوس کا اضافہ ہوا ہے۔

نور احمد پرکانی نے بتایا کہ بلوچستان میں مردم شماری کے دوران جنس کی شرح میں فرق آیا ہے، خواتین کی تعداد کم ہوئی ہے جس کی وجہ صوبے میں خواتین کے نام کا اندراج نہ کرنا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر مردم شمادی کے نتائج تسلیم کرلیے گئے تو صوبے سے قومی اسمبلی کی 10 نشستوں کا اضافہ ممکن ہے جب کہ صوبے میں نوجوانوں کی شرح 60 فیصد ہو گئی ہے۔

Advertisement