لاہور : (دنیانیوز) چیئرمین تحریک انصاف کی ماورائے قانون و عدالت گرفتاری کی تیاریوں کی مصدقہ اطلاعات پر پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر پرامن احتجاج کی کال دے دی.
اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ، علاقائی، ضلعی اور مقامی ذمہ داران کو ہدایات جاری کردی گئیں ، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد کارکنان ملک گیر پرامن احتجاج کیلئے نکلیں۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ داخلی امن برباد کرنے اور قانون کی بجائے دھونس اور طاقت سے معاملات چلانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، لاقانونیت اور پولیس گردی کے ذریعے انصاف کا بہیمانہ قتل کسی صورت گوارا نہیں کیا جاسکتا۔
بیان میں کہا گیا کہ قاتلانہ حملے اور موت کے پھندے میں پھانسنے کے بعد چیئرمین عمران خان کی زندگی سے مسلسل کھیلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، چیئرمین عمران خان کی جانب سے ان کے قتل کی سازش میں ملوث تینوں کردار متحرک اور ریاستی مشینری کو استعمال کررہے ہیں، مکمل طور پر پرامن رہیں گے مگر عمران خان کو بدترین ریاستی انتقام کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ مرکزی قائدین کی بلاجواز گرفتاریوں کے ساتھ ملک بھر میں بدترین کریک ڈاؤن ناقابلِ قبول، نہایت قابلِ مذمت ہے ، کارکنان عوام کو متحرک کریں اور ملک بھر میں ضلعی اور مقامی ہیڈکوارٹرز پر بھرپور پرامن احتجاج کریں۔