توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ میں گرفتار شرپسندوں کی تعداد 3174 ہو گئی

Published On 13 May,2023 11:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس اب تک سرکاری و نجی اداروں پرحملوں، توڑ پھوڑ، تشدد، جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 3174 شرپسند عناصر گرفتار کر چکی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شرپسند عناصر کی پرتشدد کارروائیوں میں پنجاب بھر میں 152 پولیس افسران اور اہلکار شدید زخمی ہوئے، پنجاب پولیس کے زیر استعمال 94 گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی یا انہیں نذر آتش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جلاؤ گھیراؤ: عمران خان کا چیف جسٹس کی سربراہی میں تحقیقاتی پینل بنانے کا مطالبہ

شرپسند عناصر نے لاہور پولیس کی 27، فیصل آباد پولیس کی 21، راولپنڈی پولیس کی 19 گاڑیاں تباہ کیں، میانوالی پولیس کی09 سیالکوٹ کی 05، گوجرانوالہ پولیس کی 03 گاڑیاں شرپسند عناصر کا نشانہ بنیں۔

جلاؤ گھیراؤ کے دوران شرپسند عناصر نےملتان پولیس کی 04 گاڑیاں، اٹک کی 01، جھنگ01، ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کی 01 گاڑی کو شدید نقصان پہنچایا، پولیس کانسٹیبلری کی 03 جبکہ 08 نجی گاڑیاں بھی شرپسند عناصر کے ہاتھوں تباہ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ کا شکار سرکاری و نجی املاک کی فہرست جاری

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس سٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ، تشدد، نجی و سرکاری املاک نذر آتش کرنے والے شرپسند عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔