اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل نہ ہو سکا، آج 14 مئی ہے لیکن پنجاب میں انتخابات دور دور تک دکھائی نہیں دے رہے۔
انتخابات ہوئے نہ ہی سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل ہوسکا، الیکشن کمیشن نے تو تیاری مکمل ہونے کا دعویٰ کیا مگر حکومت سے فنڈز نہ ملے، سیاسی جماعتیں بھی صرف پنجاب میں انتخابات پر راضی نہ ہوئیں۔
غیر یقینی کی صورتحال دیکھتے ہوئے انتخابی مہم شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گئی، مسلم لیگ ن نے تو امیدواروں کو ٹکٹ ہی نہ جاری کئے۔
حکمران جماعتوں کا کہنا ہے کہ ملکی بقاء اسی میں ہے کہ مل کراس بحران سے نمٹا جائے اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
دوسری جانب 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کے فیصلے پر نظرثانی درخواست 15مئی کو سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختربھی بنچ میں شامل ہوں گے۔