اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ کسی رہنما نے آج تک قومی اداروں کے خلاف ایسی زبان استعمال نہیں کی جو عمران خان نے کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ میڈیا رائے عامہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، میری حکومت جب جانے والی تھی تب سے پی ٹی آئی چیئرمین نے قومی اداروں کے خلاف مختلف بیانیے بنائے، ہمارے کسی قومی لیڈر نے آج تک ہماری ایجنسیوں اور اداروں کے خلاف زبان استعمال نہیں کی، میڈیا کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا ہے کہ فوج نے کہا ہم غیر جانبدار ہو گئے ہیں، فوج کو بار بار اپنا کردار ادا کرنے کا کہا گیا، اس سے بڑا طعنہ کیا ہو سکتا ہے کہ کسی کو جانور کہا جائے، اس وقت سابق سپہ سالار کو ایکسٹینشن کیوں دی؟، سی ای سی کی میٹنگ میں اعلیٰ شخصیات کو مختلف ناموں سے پکارا جاتا تھا ہم اپنے بچوں کی کیا تربیت کر رہے ہیں؟۔
سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ میٹنگ میں پاک فوج کو بھارتی فوج کی طرح دیکھا جاتا تھا، کئی ایجنڈے بنائے گئے، ایکسٹینشن دینے کے بعد عمران خان جنرل باجوہ کو جنرل ایکس کہہ رہے ہیں، فوج کے حوالے سے جنرل باجوہ کو خود ایکسٹینشن دی، پی ٹی آئی کی سی ای سی میں سینئر فوجی افسران کو نک نیمز سے پکارا جاتا تھا۔