لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے بدھ کو ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت مسلم لیگ (ق) کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں چودھری محمد سرور، چودھری شافع حسین اور دیگر نے شرکت کی، شرکاء نے ملکی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائے گی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ لاہور میں ریلی 17 مئی بروز بدھ سہ پہر 3 بجے مسلم لیگ ہاؤس سے پریس کلب تک نکالی جائے گی، تمام محب وطن اور پارٹی کے ورکرز ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔
سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی جماعت کے ورکرز مسلح افواج کے دفاتر، جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور پبلک پرائیویٹ سیکٹر پر حملہ آور ہوئے، پبلک پرائیویٹ اور آرمی دفاتر و املاک پر حملہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جو لوگ گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، سیاسی لیڈروں نے پاکستان میں پہلی بار اپنے ورکرز کو آرمی کی تنصیبات پر حملہ کرنے کی ترغیب دی اور نقصان کرنے کا کہا، کارروائی اس لئے کروائی تاکہ آرمی کی پیشہ وارانہ اہمیت کو کم کیا جا سکے۔
اس موقع پر چودھری سرور نے کہا کہ آرمی تنصیبات پر حملہ قابل مذمت ہے، ان واقعات سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، آرمی نے جس طرح تحمل و بردباری کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے، ملک دشمن عناصر کی جانب سے عوام اور آرمی کو لڑانے کی سازش ناکام ہوئی۔
چودھری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے پاکستان اور پاکستانی عوام کے دشمن ہیں، ان واقعات میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کا گھناؤنا کام کرنے کی کسی میں ہمت نہ ہو۔