پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نیب آرڈیننس ترمیمی بل 2023 منظور کر لیا گیا

Published On 15 May,2023 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نیب آرڈیننس ترمیمی بل 2023 کی منظور کر لیا گیا۔

نیب آرڈننس ترمیمی بل پر جماعت اسلامی کی ترامیم مسترد کر دی گئیں، مشترکہ اجلاس نے انسانی اعضاء کی پیوند کاری ترمیمی بل2021ء کی بھی منظوری دے دی، یہ بل ایم کیو ایم کی کشور زہرہ نے پیش کیا۔

مشترکہ اجلاس نے بچے کی پیدائش پر ماں اور والد کو چھٹی دینے کا بل بھی منظور کر لیا، سینیٹر قرۃ العین مری نے میٹرنٹی اینڈ پیرٹنٹی بل پیش کیا، بل منظور ہونے کے بعد بچے کی پیدائش پر والد 30 دن کی پیڈ چھٹی لے سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی: چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس لانے کا فیصلہ ، تحریک منظور

میٹرینٹی بل کی منظوری کے بعد ماں کو پہلی پیدائش پر 6 ماہ، دوسری پر 4 جبکہ تیسری پر 3 ماہ کی چھٹی مل سکے گی، والد کو چھٹیاں سروس میں تین دفعہ میسر ہوں گی، قانون کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں نجی و سرکاری اداروں دونوں پر ہوگا۔

اس کے علاوہ نجی و سرکاری سکولوں میں پیرامیڈیکل سٹاف کی سہولت سے متعلق بل منظور کر لیا گیا، مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون کی درخواست پر والدین کے تحفظ بل کی منظوری موخر کر دی گئی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے وفاقی وزیر قانون نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین نیب کی غیر حاضری میں احتساب کا عمل رک جاتا ہے، نئی ترامیم کے بعد چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین نیب کی غیر حاضری پر حکومت کسی سینئر آفیسر کو ذمہ داریاں سونپے گی۔