لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور اور چودھری شافع حسین سے مختلف شہروں کے پارٹی وفود نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ق) کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالنے سے متعلق انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ تنظیمی معاملات اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
چودھری سرور نے کہا کہ جس طرح افواج پاکستان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا اس طرح تو صرف دہشتگرد تنظیمیں کرتی رہی ہیں، شر پسند عناصر کی جانب سے جناح ہاؤس، جی ایچ کیو اور پبلک پرائیویٹ املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت قبول نہیں، شر پسندوں نے طالبان اور بی ایل اے کے دہشت گردوں جیسی کارروائیاں کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع حسین نے کہا کہ افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور ریلی نکال رہے ہیں، ریلی میں محب وطن پاکستانی اور پاکستان مسلم لیگ کے کارکن کثیر تعداد میں شریک ہوں گے، پارٹی کی تنظیم سازی میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔