لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ 9 مئی کو دہشتگردی کے واقعات میں ملوث کسی بھی ذمہ دار کو نہیں چھوڑیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد سرگودھا روڈ پر کیپٹن اسفند یار شہید کی یادگار کا دورہ کیا، انہوں نے 9 مئی کے واقعات میں کیپٹن اسفندیار شہید کی تباہ کردہ یاد گار کی بحالی کا افتتاح کرنے کے بعد خصوصی دعا کی، اس موقع پر صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، وہاب ریاض، آئی جی پنجاب، آر پی او، کمشنر فیصل آباد ڈویژن، سی پی او اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے کیپٹن اسفندیار شہید کی یادگار کو نقصان پہنچایا اور بے حرمتی کی، شہید کیپٹن اسفندیار کے والد سے یادگار کی بے حرمتی پر معذرت کرتے ہیں، ایسے دلخراش واقعات پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے، جو ہوا وہ تلخ ماضی ہے، وعدہ ہے کہ ہم اس کو پاکستان کا سب سے بہترین اور یادگار چوک بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی زمان پارک میں موجود دہشتگردوں کوپولیس کے حوالے کرے : عامرمیر
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا ہے کہ 9 مئی کو دہشت گردی کے واقعات کے جو بھی ذمہ دار ہیں انہیں نہیں چھوڑیں گے، گارنٹی دیتا ہوں کہ کسی بے گناہ کے خلاف کارروائی نہیں ہو گی، کوئی نئی عدالتیں نہیں بنائی جا رہیں، اگر کوئی فوج کی تنصیبات پر حملہ کرتا ہے تو آرمی کے قانون کے مطابق کارروائی ہوتی ہے، ذمہ داروں کیخلاف آرمی ایکٹ کے مطابق کارروائی ہو گی۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا ہے کہ لاہور میں جناح ہاؤس اور فیصل آباد میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملہ ہوا، 9 مئی کو شرپسندوں نے فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں بدترین دہشت گردی کا مظاہرہ کیا، شرپسندوں نے شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کو بھی تباہ کیا، پولیس کی قابلیت کی بدولت ہی زیادہ نقصان سے بچے ہیں۔