اخلاقی طور پر جس جماعت کے پاس عددی اکثریت ہو میئر اسی کا ہونا چاہئے، ناصر شاہ

Published On 20 May,2023 11:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اخلاقی طور پر جس جماعت کے پاس عددی اکثریت ہو میئر اسی کا ہونا چاہئے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ عددی لحاظ سے پیپلز پارٹی کے نمبر زیادہ ہیں، جس کے پاس عددی اکثریت ہوگی وہ میئر بنائے گا، ہم اسے نہیں روک سکتے، اگر جماعت اسلامی پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر میئر لاتی ہے تو ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر میں سندھ حکومت کی مدد کرے گا

ناصر شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کراچی سے پہلے بھی ایم این ایز اور ایم اپی ایز منتخب ہوئے ہیں، جماعت کا تو صرف ایک ایم پی اے تھا، ان کے پاس اس سے زیادہ سیٹیں کہاں سے آگئیں۔

وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کسی چیئرمین کو ہراساں نہیں کیا جا رہا، جلاؤ گھیراؤ پر اگر کوئی کارروائی ہو رہی ہے تو اس کو تو نہیں روک سکتے، پیپلز بس سروس اور واٹر بورڈ کے ٹینکر جلانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔