بلاول بھٹو آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے

Published On 22 May,2023 08:54 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر آزاد کشمیر میں موجود ہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے منگل کو جلسہ عام بھی ہوگا۔

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس2 بجے ہوگا، اجلاس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری بھی خطاب کریں گے، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، مقبوضہ خطے میں جی 20 اجلاس عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایک کانفرنس کے انعقاد سے کشمیر کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی اقدام سے اس کی اصل شکل سامنے آئے گی۔

دوسری جانب مظفرآباد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی، کشمیری وفد نے سرینگر میں ہونے والی جی 20 کانفرنس پر اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔

وفد نے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو سراہا اور 1990 میں ہجرت کر کے مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیر آنے والے مہاجرین سے بھارتی افواج کے مظالم سے بھی آگاہ کیا۔