حکومت کا 25 مئی کو’’یوم تکریم شہداء پاکستان“ منانے کا فیصلہ

Published On 22 May,2023 12:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے 25 مئی کو’’یوم تکریم شہداء پاکستان“ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے، قوم کو پیغام دینا ہے شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

25 مئی کو شہداء پاکستان کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے دن منایا جائے گا، ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی جبکہ افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگارِ شہدا پر سلامی دی جائے گی۔

جی ایچ کیو، ایئر اور نیول ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعدد یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی جبکہ صوبائی دارالخلافہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے پاک فوج شہداء کے مجسمے توڑ کر بے حرمتی کی تھی اور جی ایچ کیو سمیت لاہور میں جناح ہاؤس پر بھی مشتعل افراد نے دھاوا بولا تھا۔
 

Advertisement