اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
بشریٰ بی بی عمران خان کے ہمراہ سخت سکیورٹی حصار میں احتساب عدالت راولپنڈی پہنچیں جہاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواست ضمانت کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کی کمرہ عدالت میں حاضری لگائی گئی۔
وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔
عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے 31 مئی تک درخواست ضمانت منظور کر لی اور نیب کو نوٹس جاری کر کے 31 مئی تک جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو مچلکے جمع کرانے کے لئے دستخط کرنے کی ہدایت کی۔
خیال رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں۔
گزشتہ دنوں نیب نے عمران خان کو اسی کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات و مقامات پر حملے ہوئے تھے تاہم سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔