شیریں مزاری کی دوبارہ گرفتاری قابل مذمت، ملک بناناریپبلک بنتاجارہا ہے:عمران خان

Published On 23 May,2023 08:56 am

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی رہنما شیریں مزاری کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے رہائی کے احکامات جاری ہونے کے بعد شیریں مزاری کی اڈیالہ کے باہر سے گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں، یہ حکومت پست ترین سطح تک گرتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری کی صحت کی صورتحال نازک ہے، عدالتوں کی جانب سے ضمانت ملنے کے باوجود انہیں دوبارہ گرفتار کر کے اس آزمائش کا نشانہ بنانا محض ان کی اعصاب شکنی کی کوشش ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ شیریں مزاری کا حوصلہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ ان میں ایسے کئی لوگوں سے زیادہ ہمت ہے جن سے آج تک میرا اپنی زندگی میں واسطہ پڑا ہے، تاہم ملک تیزی سے بنانا ریپبلک بنتا جا رہا ہے جہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہوتا ہے۔
 

Advertisement