اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق رکن پنجاب اسمبلی نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔
پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی نے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں رہنما پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر حیدر علی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی، ڈاکٹر حیدر علی 2018 کے الیکشن میں این اے ٹو سوات ون سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔
اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے ڈاکٹر حیدر علی کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اگر آپ آصف زرداری کے انٹرویو دیکھیں تو ان کا خلاصہ یہ تھا کہ عمران خان سیاسی رہنما نہیں وہ کھلاڑی ہیں ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے وزن سے خود گرے گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی جاوید اختر انصاری نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید اختر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہم پر کوئی دباؤ نہیں، بس 9 مئی کے واقعات سے بہت تکلیف ہوئی، پاک فوج ہمارا فخر ہے اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جاوید اختر انصاری کا کہنا تھا کہ دوستوں کی مشاورت سے آئندہ کا فیصلہ کروں گا، وہ کام کریں گے جس سے ملک کی بہتری ہو۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی 9 مئی کی پرتشدد پالیسی کیخلاف پارٹی چھوڑنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔