اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کی جانب سے درج مقدمات کا ریکارڈ جمع کرانے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کی درخواست نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت جسٹس ارباب طاہر نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا اسد قیصر کا پریس کانفرنس کرنے کا موڈ نہیں بنا؟، پریس کانفرنس کریں اور معاملہ ختم کریں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کے ریمارکس پر عدالت کے کمرے میں قہقہے بکھر گئے۔
اسلام آباد پولیس نے اسد قیصر کے خلاف درج 6 ایف آئی آرز کا ریکارڈ عدالت عالیہ میں پیش کر دیا، جس پر جسٹس ارباب طاہر نے درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں نے عدالتوں سے ضمانتیں ملنے کے بعد پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے جن میں فواد چودھری اور شیریں مزاری بھی شامل ہیں۔