بہاولپور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے 2 مزید کھلاڑی کپتان عمران خان کو خیر باد کہہ گئے۔
پی پی 247 یزمان سے احسان الحق چودھری اور پی پی 248 ہیڈ راجکاں سے ڈاکٹر محمد افضل نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ دیا، دونوں رہنما مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے اور چودھری پرویز الٰہی کیساتھ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے تھے، دونوں رہنماؤں کو حالیہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ الاٹ کئے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے پارٹی عہدے چھوڑنے کا اعلان کر دیا
احسان الحق اور ڈاکٹر محمد افضل نے "دنیا نیوز" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کی پُرزور مذمت کرتے ہیں، آرمی ہے تو پاکستان ہے۔
ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصاف اور چودھری پرویز الٰہی گروپ چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، آئندہ کا لائحہ عمل ووٹرز سے مشاورت کے بعد طے کروں گا، سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا
احسان الحق کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر ہاؤس اور یادگار شہداء کی بے حرمتی کی پُرزور مذمت کرتا ہوں، میں پاکستان تحریک انصاف اور چودھری پرویز الٰہی گروپ چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، مستقبل کا فیصلہ ووٹرز سے مشاورت کے بعد کروں گا۔