پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار

Published On 26 May,2023 11:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اورخیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز تک بارش کی پیشگوئی کردی۔

پنجاب اورخیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں برکھا رت چھا گئی، بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ مظفرآباد، آزاد کشمیر میں بارش کا سلسلہ آج چوتھے روز بھی جاری ہے۔

لاہور اورمضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، سرگودھا اور ننکانہ صاحب میں گرج چمک کے ساتھ برسات ہوئی، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم مزید خوشگوارہو گیا۔

چیچہ وطنی میں بھی بارش کے ساتھ خوب ژالہ باری ہوئی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آسمان سے برف کے گولے برسنے سے درجہ حرارت کم ہو گیا۔

اُدھر سوات اور مینگورہ سمیت بیشترمیدانی علاقوں میں بارش سے موسم نے کروٹ بدل لی، صوابی شہر اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

کالاباغ شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔

Advertisement