لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے چونگی امر سدھو میں پینٹ اور کیمیکل کی دکان میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث دکان میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دکان کی دوسرے منزل پر موجود پینٹ کے سٹور کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچا جس نے دو گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا، شہر میں چلنے والی تیز ہوا کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں ریسکیو ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع نے مزید بتایا آتشزدگی کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔