بیفیم چیمپئن شپ 2023 اختتام پذیر، بھارت اوپن اور خواتین کیٹیگریز میں فاتح

Published On 14 May,2023 05:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) برج فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں ہونیوالی بیفیم چیمپئن شپ بھارتی ٹیم کی اوپن اور خواتین ٹیم کیٹیگریز میں فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

لاہور کے نجی ہوٹل میں 5 مئی سے منعقد ہونے والی برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چیمپئن شپ گزشتہ روز ہفتہ کو اختتام پذیر ہوئی پاکستان برج فیڈریشن نے بھارت، متحدہ عرب امارات، فلسطین، اردن، بنگلہ دیش کی ٹیموں کی میزبانی کی۔

بیفیم کے صدر بہجت المجالی نے کہا کہ ہمیں لاہور میں ہماری توقعات سے کہیں زیادہ خوش آمدید کہا گیا ہے، نہ صرف ایک عظیم چیمپئن شپ کا تجربہ ہوا بلکہ پاکستان کی مہمان نوازی اور اس کے فن و ثقافت کو بھی قریب سے دیکھنے کا موقع ملا یہ ہمارے اور تمام ٹیم ممبرز کے لیے یادگار بیفیم رہا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ برج چیمپئن شپ : پاکستان ، بھارت اور یواے ای نے کوالیفائی کرلیا

صدر پاکستان برج فیڈریشن مبشر لقمان نے کہا کہ پاکستان میں بیفیم کی میزبانی کرنا ایک اعزاز کی بات ہے، تمام ٹیموں نے یہاں کے لوگوں کے ساتھ کھیلنے میں اور ساتھ رہ کر بہت اچھا وقت گزارا ہے، پاکستان برج فیڈریشن اب اس کھیل کو وسعت دینے کے لیے کام کرے گی۔

پاکستان نے ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد بیفیم چیمپئن شپ کی میزبانی کی، ملک میں بہت سے جاری سیاسی منظرناموں کے درمیان لاہور میں 33 ارکان پر مشتمل برج کی بھارتی ٹیم کی میزبانی کی گئی۔

بھارتی کیپٹن رنجن بھٹاچاریہ نے کہا کہ پاکستان برج فیڈریشن کے شکر گزار ہیں، ہمیں یہاں بھرپور محبت ملی یہ واقعی یاد رکھنے والا تجربہ رہا اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم مراکش میں برمودا باؤل میں اپنے زون کی نمائندگی کریں گے۔ 

Advertisement