کراچی، لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کی گرفتاری کے باعث ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد کراچی میں معمولات زندگی بحال ہو گئے جبکہ لاہور کے تاجروں نے بھی بازار کھولنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے اور امن وامان کی صورتحال مجموعی طور پر بہتر ہے۔
پولیس کے مطابق شارع فیصل سمیت اہم شاہراہوں پر پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ شہرمیں 2 روز کےدوران ہونے والی ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں کئی پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی تاجروں کی جانب سے بازار کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے تاجر برادری کو مکمل تحفظ دینے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، صوبائی وزیر کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔