لاہور: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے ختم کرنے کیلئے تین لوگوں کو تیار کیا گیا ہے، بزدل نہیں ہوں دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا، میں حق اور سچ کا جھنڈا بلند رکھوں گا بے شک میری جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔
ویڈیو بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ گزشتہ 20 دن سے میری بہنوں، بھتیجوں، بھائیوں اور 30 سال پہلے فوت ہونے والی والدہ کے گھروں پر پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے، میری والدہ کے گھر کو بھی توڑ دیا ہے، ملک میں نہیں تھا اس کے باوجود 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی کیوں کہ پاک فوج کو عظیم اور ملک کا محافظ سمجھتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: آج جو فصل ن لیگ بو رہی ہے کل اسے کاٹے گی: شیخ رشید احمد
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا ہے کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ اپنے دفاع کا حق رکھتا ہوں، پاکستان کی حقیقی حکومت کے ذمہ داران کو لکھ دیا ہے، زیادتی کی ایک حد ہوتی ہے، پی ڈی ایم انتقام کو اس سطح پر لے جا رہی ہے کہ جو فصل وہ بو رہے ہیں وہ خود انہیں بھی کاٹنی ہے، میں گزشتہ 20 دن سے صرف ٹوئٹ کر رہا ہوں، ٹی وی ٹاک شو میں بھی نہیں گیا۔
شیخ رشید احمد نے کہا میرے ٹوئٹر سے اگر خوف زدہ ہیں تو جب تک گرفتار نہیں ہوتا ٹوئٹس جاری رہیں گے، قوم کو بتانا چاہتا ہوں جو لوگ پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں وہ کمزور ہو سکتے ہیں، ان پر کیسز ہو سکتے ہیں، وہ دباؤ برداشت نہیں کر سکتے ہوں گے، جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہا ہے اس کے ساتھ کھڑا ہوں اور جب عمران خان اقتدار میں ہو گا تب مجھ پر کوئی ذمہ داری نہیں ہوگی۔