نارووال: (دنیا نیوز) حلقہ پی پی 49 نارووال سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر سجاد مہیس اور کنیز فاطمہ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں سجاد مہیس نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، فوج اور فوجی ادارے ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جن شر پسندوں نے ہمارے ان اداروں اور تنصیبات پر حملہ کیا انہیں سزا ملنی چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دلخراش واقعہ کی پر زور مذمت کرتا ہوں، واقعات سے مجبور ہو کر پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں، میں پی ٹی آئی کے تمام عہدوں اور پی پی 49 کی ٹکٹ سے دستبردار ہوتا ہوں۔
سجاد مہیس نے کہا کہ آج کے بعد میرا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سجاد مہیس نے 2018 کے عام انتخابات میں اسی حلقہ سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
کنیز فاطمہ
دوسری جانب کنیز فاطمہ نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنیز فاطمہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، کوئی بھی محب وطن پاکستانی ایسی واقعات کو پسند نہیں کرتا، 2010 سے پی ٹی آئی سے منسلک رہی، پی ٹی آئی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر رہی ہوں۔
کنیز فاطمہ نے کہا کہ جتنے بھی عہدوں پر رہی ہوں اس سے آج مستعفی ہو رہی ہوں، مجھ پر کسی قسم کا دباو نہیں، سیاست سے بریک لینا چاہ رہی ہوں۔
راشدہ یعقوب
ادھر جھنگ سے تعلق رکھنے والی سابق رکن پنجاب اسمبلی راشدہ یعقوب نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے راشدہ یعقوب نے کہا کہ پرتشدد احتجاج کے بعد پی ٹی آئی میں رہنے کی کوئی گنجائش نہیں، پاک فوج کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔
پی ٹی آئی سے کنارہ کشی اختیار کرنیوالی خاتون رہنماء کا مزید کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت اقدامات عمل میں لانا ہوں گے۔
اسلم خان
کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والے اسلم خان نے بھی عمران خان کو الوداع کہہ دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں اسلم خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث افراد کو سزا ملنی چاہئے، پاکستانی ہونے پر فخر ہے، اگر ہم فوج کے ساتھ نہیں تو پاکستانی کہلانے کا بھی حق نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاملات ہوں تو ملک کے ساتھ فوج کھڑی ہوتی ہے، فوج عوام کے ساتھ ہر وقت کھڑی رہتی ہے، فوج کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
اسلم خان کا مزید کہنا تھا کہ جو حالات ہوئے ان کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، مستقبل کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کروں گا۔