پی ٹی آئی نمائندوں کے تحفظ کیلئے جماعت اسلامی کا عدالت سے رجوع

Published On 29 May,2023 11:57 am

کراچی: (دنیا نیوز) بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے کامیاب ہونے والے نمائندوں کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی نے سندھ ہائیکورٹ سےرجوع کر لیا۔

پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کے تحفظ کے لیے جماعت کراچی کے امیر حافظ نعیم نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے درخواست میں مؤقف پیش کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے، منتخب چیئرمین کی تعداد کے لحاظ سے جماعتوں کو مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان ہو گا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی نے ہر طرح کی دھاندلی کی اور انتظامی مشینری سے مداخلت کی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے 6 نشستوں پر وائس چیئرمین کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا تھا، جماعت اسلامی نے پیپلز پارٹی کی دھاندلی کے باوجود کراچی میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، جبکہ تحریک انصاف نے 41  نشستوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی نے کراچی کے میئر کے انتخابات کے لیے حافط نعیم الرحمان کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا، جس کے بعد سے پی ٹی آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور پولیس نے کئی منتخب نمائندوں اور امیدواروں کو غیر قانونی طور پر گرفتارکرلیا ہے، گرفتارمنتخب نمائندوں کوحلف لینے کی اجازت دی جائے۔

Advertisement