لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا اڈیالہ جیل سمیت پنجاب کی جیلوں میں قید خواتین کو ہراساں کرنے کی خبر پر ردعمل سامنے آ گیا۔
اپنے بیان میں آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں قید خواتین کو ہراساں کرنے کے حوالے سے خبر بے بنیاد اور حقائق کے بالکل برعکس ہے، اس قسم کا واقعہ جیل خانہ جات کی تاریخ میں کبھی وقوع پذیر نہیں ہوا، مذکورہ خبر پراپیگنڈا اور گمراہ کن ہے، خواتین وارڈ مکمل طور پر ایک علیحدہ وارڈ ہے جسے ہر لحاظ سے محفوظ رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیلوں میں خواتین سے ناروا سلوک کے معاملے پر قائم کمیٹی کی نگران وزیر اعلیٰ کو بریفنگ
انہوں نے مزید کہا ہے کہ خواتین وارڈ کے گیٹ کی اندرون و بیرون سائیڈ ڈبل لاک لگایا جاتا ہے اور اندرون لاک کی چابی فی میل آفیسر کے پاس ہوتی ہے، تمام تر انتظامی امور کی ذمہ داری لیڈی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ، لیڈی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، لیڈی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور لیڈی ڈاکٹر سمیت فی میل سٹاف کی ہوتی ہے، کسی میل ممبر کو خواتین وارڈ میں جانے کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ خواتین وارڈ ہر لحاظ سے انتہائی محفوظ ہے، خواتین کو اکٹھا وارڈ میں رکھا جاتا ہے، خواتین وارڈ کے گیٹ کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے 24/7 نگرانی کی جاتی ہے اور آٹومیٹک ریکارڈنگ ہوتی ہے، خواتین وارڈ سے غیر ضروری انٹری اور ایگزٹ قطعاً ممنوع ہے، خواتین قیدیوں کو میڈیکل کیئر، خوراک اور گرمی سے بچاؤ کیلئے بہترین سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔