عمران خان کی گرفتاری میں فوج کا قطعاً کوئی کردار نہیں تھا: خواجہ آصف

Published On 30 May,2023 03:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں فوج کا قطعاً کوئی کردار نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں۔

پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو فوج یا رینجرز نے گرفتار نہیں کیا تھا، رینجرز نے گرفتاری میں صرف پولیس کی مدد کی، عمران خان فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب فوجی تنصیبات پر حملے کی توجیح پیش کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی لوگوں کو اکسانے اور منظم حملوں کا جواز اور بہانہ تلاش کر رہے ہیں۔

وزیردفاع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے ابھی اتحادیوں سے مشاورت اور بحث و تمحیث شروع نہیں ہوئی، اگر پابندی کی فوری ضرورت پڑی تو اتحادیوں سے مشورہ بھی کر لیا جائے گا، تحریک انصاف پر پابندی کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ تحریک انصاف مذاکراتی کمیٹی بنانے کے ساتھ متبادل کمیٹی بھی بنا دے، اگر مذاکراتی کمیٹی پی ٹی آئی چھوڑ جائے تو کوئی متبادل انتظام بھی ہونا چاہیے۔

میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نوازشریف ضرور پاکستان آئیں گے۔