عدلیہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرتی ہے، پنچایت نہیں لگاتی: خواجہ آصف

Published On 30 April,2023 03:20 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ کا کام قانون اور آئین کے مطابق فیصلے کرنا ہے پنچایت لگانا نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ کہاں لکھا ہے عدلیہ مذاکرات کروائے گی، پنچایت لگانا یا مذاکرات کرنا سیاسی لوگوں کا کام ہے، جب عدلیہ کی بات آتی ہے تو یہ عوام کےاعتبار کی بات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کےدوران حالات نے کروٹ لی ہے، ثاقب نثار نواز شریف کی دشمنی میں بہت دورنکل گئے تھے، ثاقب نثار نے ٹی وی پر تسلیم کیا کہ یہ میرے بیٹے کی آڈیو ہے، ثاقب نثار ہی نہیں تحریک انصاف کی لیڈرشپ بھی بے نقاب ہوگئی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اب نئے سہولت کار ملے ہوئے ہیں، عمران خان نے وزیر آباد کا لانگ مارچ بھی کسی کے کہنے پر کیا تھا، اقتدار سے دوری عمران خان کو اندر سے کھائے جا رہی ہے، آج ملک کے تمام بحرانوں کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔