فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کیساتھ ملک دشمنوں جیسا سلوک ہوگا: خواجہ آصف

Published On 21 May,2023 11:08 am

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے بھی بنیادی حقوق نہیں چھین رہے، قانون کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا، میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرتا لیکن 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی نیت اور ان کے اس مٹی سے رشتے پر سوالیہ نشان نظر آتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ چلانے کیلئے نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جائیں گی، قانون پہلے سے موجود ہے، عدالتیں موجود ہیں اور وہ گزشتہ 75 برسوں سے مسلسل کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اداروں کو ٹارگٹ کر رہی ہے، عمران خان دوسرے ممالک کو بھی شامل کر رہے ہیں، پاک فوج کی قربانیاں ہماری تاریخ کا تابناک حصہ ہیں، پاکستانی قوم پاک افواج سے محبت کرتی ہے، یہ وقت ہے کہ ساری قوم متحد ہو کر افواج پاکستان کا اظہار تشکر کرے اور اس رشتے کو مضبوط بنائے۔

سینئر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے صرف اقتدار کیلئے اساس پر حملہ کیا، ایئربیس پر حملہ دشمن کرتا ہے کوئی محب وطن قومی اثاثوں پر حملہ نہیں کرسکتا، سیاستدانوں کے پاس اقتدار آتا جاتا رہتا ہے لیکن ہم نے کبھی افواج پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر سوالیہ نشان نہیں بنایا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق بنیادی حقوق کی حفاظت کی جا رہی ہے، حملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، قانون کااستعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

قبل ازیں سیالکوٹ میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، ریلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے خصوصی شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، وزیر دفاع نے چونڈہ میں یادگار شہداء کا دورہ بھی کیا۔