لاہور : (دنیانیوز) تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین پی ٹی آئی کی ٹوٹ پھوٹ کے بعد سیاسی منظر نامے پر ایک بار پھر متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑ جانے کے بعد ملک میں سیاسی منظر نامہ تیزی سے بدل ہو رہا ہے ، ایسے میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما جہانگیر ترین بھی سیاست میں دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین تحریک انصاف سے الگ ہونیوالے 60 سے زائد سابق اراکین اسمبلی و رہنماؤں سے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے رابطے میں ہیں، جہانگیر ترین آج بھی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی اپنے گروپ ممبران سے بھی ٹیلی فونک مشاورت جاری ہے، ان کی جانب سے جلد اپنے گروپ کا اجلاس بلائے جانے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نئی پارٹی کے نام کے حوالے سے بھی جہانگیر ترین کی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ جہانگیر ترین ماضی میں پی ٹی آئی کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں، 2018 کے عام انتخابات کے بعد پنجاب میں حکومت سازی بھی جہانگیر ترین کی کوششوں کی وجہ سے ہی ممکن ہوئی تھی اور اُنہیں عمران خان کا دستِ راست سمجھا جاتا تھا۔
یاد رہے عمران خان کے وزارتِ عظمٰی کے دور میں جہانگیر خان کے خلاف چینی سکینڈل میں تحقیقات شروع کی گئی تھیں جس کے بعد سے ان کے عمران خان کے ساتھ سیاسی اختلافات بڑھ گئے تھے اور ترین گروپ سامنے آیا تھا۔