لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے زیر تکمیل پراجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ پہنچ گئے۔
محسن نقوی کو پنجاب ایگری کلچرفوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ کا 85 فیصد سول ورک اور تعمیرات مکمل ہو چکی ہیں، پی اے ایف ڈی اے کے لئے 99 فیصد آلات بھی امپورٹ کئے جا چکے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی اے ایف ڈی اے کے آڈیٹوریم اور زیر تکمیل عمارت کے تمام فلور کا جائزہ لیا، انہوں نے پراجیکٹ کی تکمیل میں سست روی کی روش پر اظہار ناپسندیدگی کیا، محسن نقوی نے پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ کو اگست کے پہلے ہفتے سے قبل مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
محسن نقوی نے 3 شفٹوں میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی، کنٹریکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کام مکمل کر سکتے ہیں تو بتائیں بصورت دیگر متبادل انتظام کریں گے، عوامی اہمیت کے حامل پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری صحت، پنجاب فرانزک لیب کے سربراہ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔