میٹرو بس ،اورنج لائن ٹرین سٹیشنز کیلئے بزنس ماڈل کی اصولی منظوری

Published On 27 May,2023 06:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا 23 واں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، بہاولپور، لودھراں سپیڈو بس سروس کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں بہاولپور، لودھراں بس سروس کیلئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ذریعے پرائیویٹ کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی، بہاولپور شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: "نوجوانوں کیلئے سپورٹس سٹی کی تعمیر" یہ فرق ہے تعمیر اور تخریب میں: احسن اقبال

اجلاس میں میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشنز کیلئے بزنس ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی، میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشن پر سٹال، شاپس، اے ٹی ایم اور وینڈنگ مشینیں نصب کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

سٹیشنز اور روٹ پر ڈیجیٹل سٹیمر، گلاس بورڈ اور دیگر اشتہارات کے دیگر ٹولز متعارف کرانے پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں اسلام آباد، راولپنڈی میٹرو بس سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ سفر کی فراہمی ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا ٹرانس جینڈر ایکٹ پر وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ چیلنج کرنے پر غور

چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔