لاڑکانہ: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر امیر بخش بھٹو اور صوبائی نائب صدر سندھ اللہ بخش انڑ نے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔
لاڑکانہ میں امیر بخش بھٹو نے اللہ بخش انڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ایکشن کمیٹی اور سی ای سی سمیت بنیادی رکنیت سے استعفی دے رہا ہوں، اب سیاست کرنے کو دل ہی نہیں چاہتا جو تعلیم ملی اس کے مطابق سیاست نہیں کرسکتا، ساتھیوں اور ملک کیلئے ہر خدمت اور قربانی دینے کو تیار ہوں، مستقبل کا فیصلہ دوستوں کے ساتھ مل کر کروں گا، 9 مئی کو ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان: پی پی 269 سے ٹکٹ ہولڈر رفاقت گیلانی نے پی ٹی آئی چھوڑ دی
امیر بخش نے مزید کہا ہے کہ فوج پر حملے دہشتگردی ہیں ہم اس لیے سیاست میں نہیں آئے، جمہوری انداز میں رہتے ہوئے مخالفت کی جا سکتی ہے، شہدا کی یادگاروں کو آگ لگانا افسوسناک ہے، چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق جنرل باجوہ نے ان کے خلاف سازش کی تو کیا ایم ایم عالم نے بھی سازش کی تھی، شہدا نے کیا قصور کیا کہ ان کی یادگاروں کو آگ لگائی گئی، فوج کو کمزور کر کے ہم کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔