لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ یہ حکومت ہماری نہیں پی ڈی ایم کی حکومت ہے۔
لاہور کی ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد صفدر نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ میں 6 سال سے کیس بھگت رہا ہوں، ہم پورا ایک سال نیب کی عدالت میں پیش ہوتے رہے، غلط کیس بنانے والوں کے خلاف بھی کیس بننا چاہیے، جھوٹے کیس بنانے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے، میں بغاوت کا مقدمہ بھی بھگت رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے ہر دفعہ سوال ہوتا ہے کہ میاں صاحب کب آئیں گے، نواز شریف صاحب انصاف پر یقین رکھتے ہیں، شہبازشریف اور اسحاق ڈار صاحب ملک کو اس دلدل سے نکال رہے ہیں، آنے والا بجٹ اچھا آئے گا، یہ حکومت ہماری نہیں پی ڈی ایم کی حکومت ہے۔
محمد صفدر کا کہنا تھا کہ جو کام بھارت نہیں کر سکا چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ایجنٹوں سے کروا دیا، جو ملک کے دفاع کیلئے لڑ رہے ہیں ان کے جذبات پر حملہ ہوا، تحریکیں چلتی رہتی ہیں، سیاسی جماعتیں ہارتی جیتتی ہیں، شہدا کے لواحقین کے دلوں پر کیا گزری ہوگی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پرویز الہٰی صاحب کی گرفتاری پر کوئی بات نہیں کروں گا، جو بھی ہو اس ملک کیلئے بہتر ہو، سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ ملک جمہوریت کے راستے پر چل پڑا ہے۔