اسحاق ڈار سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Published On 01 June,2023 10:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کے بارے میں بات چیت ہوئی اس کے علاوہ تجارتی، اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے دلچسپی کا بھی اظہار کیا، اسحاق ڈار نے یو اے ای کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی تجاویز کو سراہا، وزیر خزانہ نے سفیر کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یو اے ای توانائی، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کا بہترین شراکت دار رہا ہے۔