آصف زرداری جب پنجاب آتے ہیں تو سیاسی ہلچل پیدا ہو جاتی ہے: حسن مرتضیٰ

Published On 04 June,2023 09:59 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا حصہ بننے والے بیشتر لوگ ایسے ہیں جو پولیٹیکل انجینئرنگ کے ذریعے الگ ہوئے۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ آصف زرداری جب پنجاب میں آتے ہیں تو سیاسی ہلچل پیدا ہو جاتی ہے، جوں جوں الیکشن کا ماحول بن رہا ہے پیپلز پارٹی پنجاب میں متحرک ہو رہی ہے، بیسیوں لوگ چند دنوں میں پیپلز پارٹی کا حصہ بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل انجینئرنگ کے ذریعے پیپلز پارٹی کو کمزور کیا گیا، جلد بازی میں یا وقتی طور پر کسی کو پیپلز پارٹی میں شامل نہیں کرنا، بے نظیر بھٹو کی سالگرہ پر لاہور میں بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں، الیکٹیبلز کو شامل کرتے وقت اپنے کارکنوں کو نظر انداز نہیں کریں گے۔