لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ویلفیئر پارٹی یوتھ کے صدر عرفان شاہد مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے۔
عرفان شاہد نے چودھری محمد سرور، چودھری شافع حسین، مصطفیٰ ملک سے تفصیلی ملاقات کی، اس موقع پر چودھری سرور نے کہا کہ نوجوانوں کا بڑھتا اعتماد، پارٹی کے روشن مستقبل کے طرف ایک اشارہ ہے، ہزاروں کی تعداد میں نوجوان اور خواتین مسلم لیگ میں شامل ہو رہی ہیں، پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام لائیں گے۔
چودھری شافع حسین نے کہا کہ مسلم لیگ کے پاس ملکی ترقی کا واضح ایجنڈا ہے، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیں گے، نوجوانوں کو تخریب نہیں تہذیب سکھائیں گے۔
اس موقع پر مصطفیٰ ملک نے کہا کہ نوجوان ملک و ملت کا سرمایہ، ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے، نوجوانوں میں پارٹی پذیرائی کا مطلب اب مستقبل مسلم لیگ ق کا ہے، انہوں نے ملک کی حقیقی ترقی کا ایجنڈا مسلم لیگ ق کے پاس ہے۔
مسلم لیگ ق میں شامل ہونے والے عرفان شاہد نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی شخصیت اور مسلم لیگ کے ایجنڈے سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہوا، پاکستان کو مضبوط کرنا ہے تو مسلم لیگ کو مضبوط کرنا ہوگا۔