خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی چلانے والی کمپنی کو نصف بقایاجات ادا کر دیئے

Published On 06 June,2023 09:33 pm

پشاور: (دنیا نیوز) ایشین ڈیویلپمنٹ بینک اور فرانس ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے لکھا گیا خط کام کر گیا، خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی چلانے والی نجی کمپنی کو بقایاجات کی نصف رقم ادا کر دی۔

صوبائی حکومت نے نجی کمپنی کو 34 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کیے ہیں جس کے بعد بی آر ٹی سروس معمول کے مطابق چلتی رہے گی، ٹرانس پشاور کی نجی کمپنی نے 7 جون کو سروس بند کرنے کیلئے حکومت کو خط ارسال کیا تھا، صوبائی حکومت نے 75 کروڑ روپے سے زائد کے بقایاجات نجی کمپنی کو دینے ہیں جس میں سے ابھی نصف رقم ادا کی گئی ہے۔

قبل ازیں ایشین ڈیویلپمنٹ اور فرانس ڈویلپمنٹ بینک نے بی آر ٹی بندش کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت کو خط لکھا تھا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت فوری طور پر بی آرٹی کی ادائیگی یقینی بنائے۔

مشترکہ خط میں لکھا گیا تھا کہ کنٹریکٹرز کی ادائیگی روکنا سمجھ سے بالاتر ہے، عدم ادائیگی کی صورت میں مزید قرضہ فراہم کرنے کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، بی آر ٹی کے پانچ غیرفعال روٹس کیلئے قرضہ پروگرام متاثر ہو سکتا ہے، معاوضے کی عدم ادائیگی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
 

Advertisement