پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے معاملہ پر اسمبلی سیکرٹریٹ اور محکمہ انسداد رشوت ستانی میں ٹھن گئی، اسمبلی سیکرٹریٹ نے بھرتیوں سے متعلق ریکارڈ فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے ریکارڈ نہ دینے پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا، اینٹی کرپشن نے سیکرٹری اسمبلی کو خط ارسال کر دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ آفیسر ریکارڈ کی فراہمی میں حیلے بہانے کر رہا ہے، بھرتیوں کے ریکارڈ سے متعلق 3 بار یاد دہانی کرائی گئی ہے، بھرتیوں سے متعلق ریکارڈ کی فراہمی کے لیے ہدایات دی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: سویلین کیسز ملٹری کورٹ میں چلانے کیلئے آئین کی تشریح کی ضرورت ہے: عدالت
محکمہ اینٹی کرپشن نے خط میں کہا ہے کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، ریکارڈ نہ دیا گیا تو اسمبلی کے خلاف آئین کی شق 175 پی پی سی کے تحت کارروائی ہو گی۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں گریڈ 16 سے لے کر گریڈ 18 تک 100 سے زائد بھرتیاں کی گئی تھیں، ایف آئی اے کی جانب سے غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات اینٹی کرپشن کے حوالے کی گئیں۔