اسلام آباد: (فوزیہ علی) سمندری طوفان "بائپر جوائے" شمالی بحرہند میں 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے موجود ہے، سسٹم کے گرد 25 سے 30 فٹ لہریں بلند ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سمندری طوفان "بائپر جوائے" کے حوالےسے ایڈوائزری جاری کر دی، جس میں کہا گیا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے تک سمندری طوفان کی یہی شدت برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، 15 سے زائد افراد جاں بحق
سائیکلون "بائپر جوائے" کراچی سے تقریباً 910 کلومیٹر اور ٹھٹھہ سے 890 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے، جس کے باعث ممکنہ طور پر ساحلی علاقے تیز آندھی ، سمندری طوفان اور سیلاب کی زد میں آ سکتے ہیں۔
— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) June 10, 2023
این ڈی ایم اے نے مئی میں باضابطہ طور پر سمندری طوفان کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کر کے ساحلی علاقوں میں طوفان کے بارے میں تیاری کے اقدامات کو فعال طور پر انجام دینے پر زور دیا تھا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایمرجنسی سینٹر میں بین الاقوامی ماڈلز کے ذریعے "بائپر جوائے" کی پیش رفت پر مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 یا 14 جون کو سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ماہی گیروں اور عام عوام سمندر میں جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی حکام کی ہدایت پر عمل کریں۔